ملک کو تباہ کرنے والا 5 سال بعد اہل اور معمولی غلطی پر تاحیات نااہل؟چیف جسٹس نے سوال اٹھادیا

اسلام آباد : چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تاحیات نااہلی کیس میں سوال اٹھایا کہ پورے ملک کو تباہ کرنے والا پانچ سال بعداہل ہوجاتاہے اور معمولی غلطی ہوجائے تو تاحیات نااہل۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آرٹیکل62ون ایف کےتحت تاحیات نااہلی کیس کی سماعت شروع ہوگئی، چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں7رکنی لارجربینچ سماعت کررہا ہے۔ بینچ میں جسٹس منصورعلی شاہ،جسٹس یحییٰ آفریدی،جسٹس امین الدین خان ، جسٹس جمال مندوخیل،جسٹس محمدعلی مظہر،جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔ سماعت کے آغاز میں چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن سے متعلق تمام کیسز آئندہ ہفتے ریگولربینچ میں مقرر ہوں گے، اس کیس میں انفرادی لوگوں کے مقدمات نہیں سنیں گے، انفرادی لوگوں کے الیکشن معاملات آئندہ ہفتےسنیں گے، ہو سکتاہےتب تک ہمارااس کیس میں آرڈربھی آچکا ہو۔ جہانگیر ترین کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ اس عدالت کےسامنےبنیادی سوال اسی عدالت کے سابقہ فیصلے کا ہے، اس عدالت نے پبلک نوٹس جاری کیااس پرآیاہوں، جس پر جسٹس منصورعلی شاہ استفسار کیا کہ آپ کے مطابق نااہلی کاڈکلیریشن سول کورٹ سے آئے گا؟

Comments